سری نگر،28جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جنہیں پارٹی کے اندر سینئر عہدیداروں کی بغاوت کا سامنا ہے، کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے دور حکومت کے دوران کسی بھی معاملہ پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ دو برس کے دوران کبھی نہیں ہنسا اور اس کی یہ وجہ ہے کہ مجھے ایک کے بعد ایک طوفان کا سامنا کرنا پڑا۔ محبوبہ مفتی ہفتہ کے روز یہاں شیر کشمیر پارک میں اپنی جماعت پی ڈی پی کے 19 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے کہا تھا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے ذریعہ گرفتار کئے گئے علیحدگی پسند رہنماوں کو عیدالفطر کے موقع پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور حکومت میں کسی بھی معاملے پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ میں یہاں ایک طوفان جبکہ وہاں (نئی دہلی میں) دوسرے طوفان کا سامنے کرتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ (راجناتھ سنگھ) نے (علیحدگی پسندوں)سے بات چیت کی پیشکش کی۔ میں نے ان سے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہو کہ حریت والے مذاکرات کے ٹیبل پر آجائیں تو کچھ حریت رہنماوں کو رہا کردیجئے ، جن کو آپ نے این آئی اے کے ذریعہ بند کرایا ہے۔انہیں آپ جذبہ خیرسگالی کے طور پر عید کے موقع پر رہا کیجئے۔ وہ سازگار ماحول قائم کرنے میں ہماری مدد کریں گے۔ وہ یہاں کے حالات ٹھیک کرنے اور بات چیت میں ہماری مدد کریں گے۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ رمضان سیز فائر کی بدولت وادی میں شہری ہلاکتوں کا سلسلہ رک گیا تھا۔